ہندوستان کے وزیراعظم کا دورہ برسلز
ہندوستان کےوزیراعظم نریندرمودی نے برسلز میں دہشت گردانہ حملے کے مقام پر پہنچ کر حملے میں مارے گئے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا
ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی برسلز کے اس میٹرو اسٹیشن پرگئے جہاں دہشت گردانہ حملے میں تیرہ افراد مارے گئے تھے جن میں ایک ہندوستانی شہری بھی شامل تھا -انہوں نے وہاں پہنچ کر حملے میں مارے گئے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا - واضح رہے کہ گذشتہ بائیس مارچ کو بیلجیئم کے ہوائی اڈے اور میٹرو اسٹیشن پر ہونےوالے دہشت گردانہ حملوں میں تیس سے زائد عام شہری مارےگئے تھے -ہندوستانی وزیراعظم ہندوستان اوریورپ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے برسلز پہنچے ہیں - اجلاس میں آزاد تجارتی سمجھوتے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا- اس سلسلے کا گذشتہ اجلاس دوہزار بارہ میں ہوا تھا - اجلاس سے قبل ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ یورپ ہندوستان کا دوسرابڑا تجارتی شریک ہے اس لئے یورپ کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں - ہندوستانی وزیراعظم بیلجیئم میں مقیم ہندوستانی شہریوں سے خطاب کرنے کے بعد واشنگٹن روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ ایٹمی سیکورٹی سے متعلق اجلاس میں شرکت کریں گے -