دہشت گردی کے خلاف سب کو متحد ہونا چاہئے، ہندوستانی وزیراعظم
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i218908-دہشت_گردی_کے_خلاف_سب_کو_متحد_ہونا_چاہئے_ہندوستانی_وزیراعظم
ہندوستان کے وزیراعظم نے دہشت گردی کے خطرات کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہنے پر اقوام متحدہ پر تنقید کی ہے
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۱:۰۴ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف سب کو متحد ہونا چاہئے، ہندوستانی وزیراعظم

ہندوستان کے وزیراعظم نے دہشت گردی کے خطرات کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہنے پر اقوام متحدہ پر تنقید کی ہے

ہندوستانی وزیراعظم نے اپنے دورہ برسلز کے موقع پر بیلجیئم میں مقیم ہندوستانی شہریوں سے خطاب کے دوران حالیہ برسلز دہشت گردانہ حملے اور دنیا کو دہشت گردی سے لاحق خطرات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو ایسے بڑے چیلنجوں سے پوری قوت کے ساتھ نمٹنا چاہئے - انہوں نے کہاکہ یہ افسوس کی بات ہے کہ اقوام متحدہ ابھی تک دہشت گر دی کی صحیح تعریف پیش نہیں کرسکی ہے - انہوں نے کہا کہ یہ بھی بدقسمتی ہے کہ دہشت گردوں کو مدد اور پناہ دینے والے ملکوں کے خلاف کارروائی کے لئے کوئی قانون بنانے میں بھی اقوام متحدہ ابھی تک ناکام رہی ہے - انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرپارہی ہے اور اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہتی ہے تو وہ دن دور نہیں جب عالمی ادارے اپنی حیثیت کھودیں گے - انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی رہنماؤں کودہشت گردی کے خاتمے کے لئے آگے بڑھنا ہوگا بصورت دیگر دنیا کو اور زیادہ تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا -

ہندوستانی وزیراعظم نے دہشت گردی کو مذہب سے الگ کرکے دیکھنے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی اس وقت پوری انسانیت کے لئے خطرہ بن گئی ہے اور جولوگ انسانیت اور انسانی اقدار میں یقین رکھتے ہیں ان سب کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا چاہئے - ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کو صرف بندوقوں سے نہیں شکست دی جاسکتی بلکہ اس کے لئے معاشرے میں ایسا ماحول بنانے کی ضرورت ہے جس میں اس بات کی ضمانت ہو کہ کوئی نوجوان انتہا پسندی کا شکار نہیں ہوگا - ہندوستانی وزیراعظم بیلجیئم کا اپنادورہ مکمل کرکے واشنگٹن روانہ ہوگئے ہیں -