کولکتہ: فلائی اوور حادثہ، پل تعمیر کرنے والی کمپنی کے پانچ ملازمین گرفتار
ہندوستان کے شہر کولکتہ میں جمعرات کو زیرتعمیر فلائی اوور پل گر جانے کے حادثے کے سلسلے میں پل تعمیر کرنے والی کمپنی کے پانچ ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کولکتہ میں زیرتعمیر فلائی اوور پل کے گرنے کے نتیجے میں اب تک پچیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ اسّی افراد زخمی ہوئے ہیں- پل تعمیر کرنے والی کمپنی آئی وی آر سی ایل کے پانچ ملازمین کو غفلت برتنے کے الزام میں گرفتارکر لیا گیا ہے جبکہ ریاستی حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے دو انجینئروں کو معطل کر دیا ہے-
اس درمیان کولکتہ ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں حادثے کی تحقیقات سی بی آئی سے کرانے کامطالبہ کیا گیا ہے- گرفتار کئے گئے کمپنی کے ملازمین سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تفتیش کی جا رہی ہے- ان لوگوں کو امانت میں خیانت اور ارتکاب قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے-
دوسری جانب کولکتہ کے شہری، آئی وی آر سی ایل کمپنی کے عہدیداروں کے اس بیان پر شدید برہم ہیں کہ یہ حادثہ مشیت الہی کا نتیجہ تھا-
واضح رہے کہ فلائی اوور پل تعمیر کرنے والی کمپنی نے حادثے میں کسی بھی طرح کی تکنیکی غلطی یا انسانی غلطی کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔