ہندوستان کے تعلیمی مراکز میں خوف و ہراس کا ماحول، کانگریس
ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے اعلی تعلیمی اداروں کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے یونیورسٹیوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔
کانگریس پارٹی کے سینیئر لیڈر اور سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل نے سری نگر کے این آئی ٹی کیمپس میں طلباء اور طالبات کی بے چینی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ جب سے بھارتیہ جنتا پارٹی مرکز میں برسر اقتدار آئی ہے یونیورسٹیوں میں بے چینی کی صورت حال اور خوف و ہراس کا سبب بنی ہوئی ہے۔
احمد پٹیل نے کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں یونیورسٹیوں میں طلباء اور طالبات پر طاقت کا استعمال ہونے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں بے چینی کے سبب طلبا مظاہرے کرتے ہیں تو پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑتا ہے۔
پچھلے چند مہینوں کے دوران حیدرآباد سینٹرل یونیورسٹی اور جے این یو میں طلباء نے مختلف معاملات کو لے کر مظاہرے کئے اور یہ موضوع ہندوستان کی داخلی سیاست میں کافی حاوی رہا ہے اور اب سرینگر این آئی ٹی میں جاری بے چینی اور طلباء کے مظاہرے ایک بار پھر ہندوستانی سیاست میں کافی اوپر نظر آ رہے ہیں۔