ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ملیٹری لاجیسٹک سپورٹ کے معاہدے کی تیاری مکمل
ہندوستان اور امریکا کے درمیان ملیٹری لاجیسٹک سپورٹ کے معاہدے کی تیاری مکمل ہوگئی ہے -
ہندوستان سے موصولہ خـبروں میں کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ہندوستان کےفوجی اڈوں پر امریکی فوج اور امریکی فوجی اڈوں پرہندوستانی فوج کی تعیناتی کے بارے میں ایک معاہدے کی تیاری کرلی گئی ہے-
نئی دہلی سے خبررساں ایجنسی یو این آئی نے خبردی ہے کہ ہندوستان اور امریکا ایک ایسےمعاہدے پردستخط کرنے والے ہیں جس سے ہندوستانی فوجی اڈوں پر مخصوص حالات میں امریکی فوجیوں کو تعینات کرنا ممکن ہوگا - یہ اطلاع امریکا کے وزیرجنگ ایشٹن کارٹر نے اپنے دورہ ہندوستان کے اختتام پر اپنے ٹوئیٹر پیج پر دی -
امریکی وزیرجنگ کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فوجی اڈوں پر امریکی فوجیوں کی تعیناتی حکومت ہندوستان کی دعوت پر کی جائے گی - معاہدے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہندوستان بھی فوجی مقاصد کے لئے امریکی فوجی اڈے استعمال کرسکےگا- اس سے پہلے امریکی وزیرجنگ نے نئی دہلی میں ہندوستانی وزیردفاع کے ساتھ ملاقات میں امریکا ہندوستان ملیٹری لاجیسٹک سپورٹ معاہدے پر تفصیل سے بات چیت کی -
ہندوستان کے وزیردفاع منوہر پاریکر نےبھی صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیٹ انجن ٹیکنالوجی اور ایئرکرافٹ کیریئر سے متعلق تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی ہے- خبروں میں کہا گیاہے کہ اس مجوزہ معاہدے کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی زمینی ، فضائی اور بحری فوجی بیس کو فوجی مقاصد کے لئے استعمال کرسکیں گے -
ہندوستان اور امریکا کے درمیان لاجیسٹک سپورٹ معاہدے کی یہ خبریں ایک ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب ماضی میں ہندوستان کی مختلف سیاسی جماعتوں خاص طور پر بائیں بازو کی جماعتوں نے امریکا کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر سخت اعتراض کیا تھا -
ہندوستان روایتی طور پر روس کے زیادہ قریب سمجھا جاتاتھا تاہم سویت یونین کا شیرازہ بکھرنے کے بعد ہندوستان اور امریکا کے تعلقات تیزی کے ساتھ آگے بڑھے ہیں -