ہندوستان اور امریکہ کے درمیان لاجسٹکس معاہدے پر اتفاق
ہندوستان اور امریکہ نے فوجی لاجسٹکس سے متعلق ایک معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے۔
ہندوستان اور امریکہ کے درمیان لاجسٹکس متعلق سمجھوتے کی بنیاد پر ہندوستان اور امریکہ ایک دوسرے کے فوجی اڈے کا استعمال کر سکیں گے - ہندوستان کی کانگریس کی زیر قیادت حکومت کے دور میں کوششوں کے باوجود یہ سمجھوتہ نہیں ہو سکا تھا-
ہندوستان کے وزیر دفاع منوہرپاریکر اور ہندوستان کے دورے پر آئے امریکی سکریٹری دفاع ایشٹن کارٹر نے واضح کیا کہ سمجھوتے پر آئندہ کچھ ہفتوں یا مہینوں کے اندر دستخط ہو جائیں گے-
امریکی سیکریٹری دفاع ایشٹن کارٹر کے مطابق ہندوستان اور امریکا نے فوجی لاجسٹکس سے متعلق ایک معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے۔
اس سمجھوتے کے لئے امریکہ اور ہندوستان کے درمیان برسوں سے مذاکرات ہو رہے تھے تاہم اب دونوں فریقوں کا کہنا ہے کہ ایک معاہدہ طے پاگیا ہے -
اپنے ہندوستانی ہم منصب منوہر پاریکر سے بات چیت کے بعد امریکی ایشٹن کارٹر کا کہنا ہے کہ 'ہم نے اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے اور تمام مسائل حل کرلیے گئے ہیں۔'
ہندوستان کو خدشہ تھا کہ لاجسٹکس کے حوالے سے معاہدے کی وجہ سے اس کی فوج امریکی اتحادی بن جائے گی اور اس کی روایتی خودمختاری کمزور پڑ جائے گی۔
تاہم چین کی جانب سے جنوبی چین کے سمندر اور بحر ہند میں اپنا اثرورسوخ بڑھانے کے اقدامات کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کی انتظامیہ امریکا سے تعلقات مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں نظر آتی ہے۔