مسئلہ کشمیر حل کیے جانے کی ضرورت پر تاکید
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے سرکردہ علیحدگی پسند رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کو حل کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق، سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور سید یاسین ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں ہندوستان اور پاکستان سے مسئلہ کشمیر کو جلد از جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے بعض رہنما علاقے کی خود مختاری، جب کہ بعض اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی حمایت کرتے ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے گزشتہ سال مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے چار مرحلوں پر مشتمل تجویز پیش کی جس پر ہندوستان نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔
ہندوستان مسئلہ کشمیر کو عالمی فورموں پر اٹھائے جانے اور کسی تیسرے فریق کی ثالثی کا مخالف ہے۔
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے علیحدگی پسند رہنماؤں نے پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب ایک قدم قرار دیا ہے۔
ہندوستان میں متعین پاکستانی سفیر عبدالباسط نے اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے نئی دہلی سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی اپیل کی تھی۔
پاکستان اورہندوستان کے خارجہ سیکریٹریوں کے درمیان طے شدہ ملاقات پٹھان کوٹ ایئر بیس پر دہشت گردانہ حملے کے بعد منسوخ کردی گئی تھی۔
رواں سال جنوری کے اوائل میں ہندوستان کی مشرقی ریاست پنجاب میں واقع پٹھان کوٹ ایئر بیس پر دہشت گردوں کے حملے میں ہندوستانی فوج کے سات اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ ہندوستانی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے چھے حملہ آوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
ہندوستان نے پاکستان پر اس حملے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا جس کی پاکستان تردید کرتا ہے۔