شمالی ہندوستان میں بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ میں 40 افراد کی ہلاکت
شمالی ہندوستان میں موسمی بارشوں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم سے کم چالیس افراد ہلاک ہو گئے۔
پریس ٹی وی کے مطابق ریاست اتراکھنڈ کے وزیر اعلی کے ترجمان اوم پرکاش سیٹھی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ چمولی اور پیتھوراگ جیسے ریاست کے دور دراز علاقوں کی صورت حال انتہائی خراب ہے۔
اموات کے سرکاری اعداد و شمار میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم مقامی حکام نے اٹھارہ افراد کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے جن میں سے پندرہ افراد صرف پیتھوراگ میں مارے گئے ہیں۔
دوسری جانب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہزاروں افراد سڑکیں بند ہونے کی بناء پر پھنسے ہوئے ہیں اور انتظامیہ نے لوگوں کو حفاظتی اقدام کے تحت علاقے خالی کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو حفاظتی مقامات پر پہنچانے کیلئے ریلیف آپریشن جاری ہے، جبکہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں سیلاب کا خطرہ پایا جاتا ہے۔