ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں نماز عید کے بعد پرتشدد مظاہرے، 6 زخمی
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں چھے افراد زخمی ہو گئے۔
سری نگر سے ہمارے نمائندے کے مطابق ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے مسلمانوں نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد مقامی اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے کئے۔ حریت کانفرنس کے بیشتر رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی تھی وہ نماز عید کی ادائیگی کے بعد سیاسی قیدیوں کو رہا نہ کرنے، جموں کے مسلمانوں پر تشدد، اور وادی میں شراب کی کھلے عام فروخت کے خلاف مظاہرے کریں۔ پولیس نے سرکردہ حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک اور سید علی شاہ گیلانی کو عید کے موقع پر ان کے گھروں میں نظر بند کر دیا تھا۔
مظاہرین، حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو عید کے موقع پر نظر بند کئے جانے کے خلاف بھی نعرے لگار ہے تھے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے کئی مقامات پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کیا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم میں دو پولیس اہلکاروں اور ایک فوٹو گرافر سمیت چھے افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔