کشیدگی کے ماحول میں ہندوستانی وزیرداخلہ کا مجوزہ دورہ اسلام آباد
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پیدا ہونے والے کشیدہ ماحول میں ہندوستانی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ بدھ کو سارک کے ممبر ملکوں کے اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
ہندوستان کے وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ ایک ایسے وقت اسلام آباد کے دورے پر جا رہے ہیں جب پاکستان کی کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید نے دھمکی دی ہے کہ ہندوستانی وزیرداخلہ نے اگر اسلام آباد کا دورہ کیا تو پورے پاکستان میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے- ادھر ہندوستان میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ، اس دھمکی کے باوجود اسلام آباد جائیں گے- کہا جا رہا ہے کہ ہندوستانی وزیرداخلہ کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر سیکورٹی خدشات کے مدنظر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں- ہندوستانی میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ نئی دہلی کی جانب سے وزیرداخلہ کی سیکورٹی پر تشویش کا اظہار کئے جانے کے بعد حکومت پاکستان نے معاملے کو بہت ہی سنجیدگی سے لیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ وہ راج ناتھ سنگھ کی سیکورٹی کے لئے اعلی پیمانے پر انتظام کرے گی- ادھر ہندوستان کے وزیرمملکت برائے داخلہ امور کرن رجیجو نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ، اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران اپنے پاکستانی ہم منصب چودھری نثارعلی خان سے دوطرفہ ملاقات نہیں کریں گے- نئی دہلی میں دیگر سرکاری ذرائع کا بھی کہنا ہے کہ یہ وقت دوطرفہ ملاقاتوں کے لئے مناسب نہیں ہے- ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں گذشتہ آٹھ جولائی سے جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان کشیدگی میں خاصا اضافہ ہوا ہے اور دونوں نے ایک دوسرے پر کشمیر کی صورت حال خراب کرنے کا الزام لگایا ہے۔