ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کی تازہ لہر
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i240592-ہندوستان_کے_زیرانتظام_کشمیر_میں_پرتشدد_مظاہروں_کی_تازہ_لہر
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں صورت حال بدستور کشیدہ ہے اور مختلف علاقوں میں کرفیوں اور دفعہ ایک سو چوالیس کے باوجود پرتشدد مظاہروں کی خبریں موصول ہوئی ہیں.
(last modified 2025-08-10T10:38:06+00:00 )
Aug ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کی تازہ لہر

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں صورت حال بدستور کشیدہ ہے اور مختلف علاقوں میں کرفیوں اور دفعہ ایک سو چوالیس کے باوجود پرتشدد مظاہروں کی خبریں موصول ہوئی ہیں.

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ بڑی تعداد میں کشمیریوں نے اس نوجوان کے جلوس جنازہ میں شرکت کی جو منگل کی شام مبینہ طورپر سیکورٹی فورس کی فائرنگ میں زخمی ہو گیا تھا اور پھر بعد میں چل بسا- مظاہرین، ہندوستانی حکومت اور سیکورٹی فورس کے اقدامات کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قدیم شہر کے پانچ پولیس اسٹیشنوں کی حدوں میں کرفیو کا نفاذ اب بھی جاری ہے۔ تعلیمی ادارے، کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند ہے تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے انسپیکٹر جنرل پولیس کا کہنا ہے کہ وادی میں حالات بدستور کشیدہ ہیں تاہم سیکورٹی فورس کے کنٹرول میں ہیں۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ سیکورٹی فورس کی فائرنگ میں ایک اور نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ مقامی لوگوں کو کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان اے ٹی ایم انسپیکٹر تھا اور اسے ڈیوٹی کے دوران گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ نوجوان کی موت کے بعد اس کے آبائی علاقے میں چتہ بل میں لوگوں نے مظاہرے کئے اور سی آر پی ایف کو اس کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا۔ بعض خبروں کے مطابق کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے مظاہروں میں مزید تین افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد آٹھ جولائی سے کشمیر میں جاری ہڑتال اور مظاہروں کے دوران مرنے والوں کی تعداد ساٹھ ہو گئی ہے۔ کشمیر کی حریت کانفرنس کے سرکردہ رہنماؤں نے پانچ اگست تک ہڑتال اور مظاہرے جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔