ہندوستان: کشمیر میں ستائیسویں روز بھی مظاہرے،سڑکوں پر نماز کی ادائیگی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i240721-ہندوستان_کشمیر_میں_ستائیسویں_روز_بھی_مظاہرے_سڑکوں_پر_نماز_کی_ادائیگی
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں کرفیو اور مظاہرے بدستور جاری ہیں اور کم سے کم سو مظاہرین کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
(last modified 2025-08-10T10:38:06+00:00 )
Aug ۰۴, ۲۰۱۶ ۱۰:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کشمیر میں ستائیسویں روز بھی مظاہرے،سڑکوں پر نماز کی ادائیگی

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں کرفیو اور مظاہرے بدستور جاری ہیں اور کم سے کم سو مظاہرین کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے کے مطابق وادی کے بیشتر علاقوں میں کرفیو اور دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ بدستور جاری ہے۔ دکانیں، کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور دفاتر بند ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں سے ہندوستانی فوج کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف مظاہروں کی خبریں  بھی موصول ہوئی ہیں۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے کولی، بیج بہاڑا اور جنوبی کشمیر کے متعدد علاقوں میں مظاہرے کئے تاہم پولیس نے کوئی مداخلت نہیں کی۔ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں کالوسا نامی علاقے میں سیکڑوں افراد نے ظہر کی نماز سڑکوں پر ادا کی جو اختتام پر احتجاجی اجتماع میں تبدیل ہو گئی۔ تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور لوگ، ہندوستانی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔  پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق بدھ کے روز کشمیر کے ضلع کولگام کے علاقے ادیجان میں ایک نوجوان کے جلوس جنازہ میں شریک لوگوں اور پولیس کے درمیان تصادم میں کم سے کم سو افراد زخمی ہو گئے۔ یہ نوجوان منگل کے روز سری نگر میں مشکوک طور پر پیلٹ گن کے شاٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا تھا۔ پولیس اور سیکورٹی اداروں کے مطابق جنوبی کشمیر کے علاقوں، شوپیاں، کولگام، پلوامہ اور اننتناگ سمیت سری نگر کے بھی بعض علاقوں میں کرفیوں اور دفعہ ایک سو چوالیس بدستور نافذ ہے اور سیکورٹی فورس کے اہلکار بڑی تعداد میں تعینات ہیں۔ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پچھلے ستائیس روز سے جاری بدامنی میں کم سے کم ساٹھ افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔