ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں، 60 زخمی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i240757-ہندوستان_کے_زیرانتظام_کشمیر_میں_پولیس_اور_مظاہرین_میں_جھڑپیں_60_زخمی
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں کرفیو اور دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کے باوجود ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۰۴, ۲۰۱۶ ۱۳:۵۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں، 60 زخمی

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں کرفیو اور دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کے باوجود ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جمعرات کو دوپہر کے بعد شروع ہونے والا مظاہروں کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا جس کے دوران کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ جنوبی ضلع شوپیاں اور کپواڑہ میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ اسپتال کے ذرائع نے ساٹھ کے قریب لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے تاہم سرکاری ذرائع کی جانب سے صرف تیس افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس سے پہلے آمدہ اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں کالوسا نامی علاقے  کے لوگوں نے ظہر کی نماز سڑکوں پر ادا کی جو اختتام پر احتجاجی اجتماع میں تبدیل ہو گئی۔ تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور لوگ ہندوستانی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔ دوسری جانب کشمیر کی حریت کانفرنس کے سرکردہ رہنماؤں نے لوگوں سے جمعے تک مظاہرے جاری رکھنے اور درگاہ حضرت بل چلو کال پر عمل درآمد کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پچھلے ستائیس روز سے جاری بدامنی میں کم سے کم ساٹھ افراد جاں بحق اور ہزاروں دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔