ہندوستان: آسام میں عام شہریوں کا قتل عام
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i240937-ہندوستان_آسام_میں_عام_شہریوں_کا_قتل_عام
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام میں دہشت گردانہ حملے میں کم سے کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۰۵, ۲۰۱۶ ۱۱:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: آسام میں عام شہریوں کا قتل عام

ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام میں دہشت گردانہ حملے میں کم سے کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے۔

ریاست آسام کی پولیس کا کہنا کہ شہر کھوکھرا جھار کے ایک پرہجوم بازار میں فوجی وردی میں ملبوس حملہ آوروں نے عام شہریوں پراندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کم سے کم بارہ افراد مارے گئے جبکہ بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد چودہ ہے- عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے پہلے ہینڈ گرینیڈ سے حملہ کیا پھر لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی- اس حملے میں جہاں کم سے کم بارہ افراد مارے گئے وہیں اٹھارہ افراد زخمی بھی ہوئے- ریاست آسام کے پولیس سربراہ مکیش سہائے نے کہا ہے کہ ایک حملہ آور کو سیکورٹی فورس نے ہلاک کر دیا- ریاست آسام کی پولیس کے سربراہ نے کہا ہے کہ حملے میں علیحدگی پسند جماعت نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈولینڈ کا ہاتھ ہو سکتا ہے- ہندوستانی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ انہوں نے ریاستی وزیراعلی سے ٹیلی فون پر صورت حال دریافت کی ہے اور مرکزی حکومت, صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے- اطلاعات ہیں کہ حملہ آوروں کی جانب سے عام لوگوں پر فائرنگ کے بعد سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر لیا اور کافی دیرتک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا-