ایروم شرمیلا کی سولہ سال سے جاری بھوک ہڑتال ختم
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i241693-ایروم_شرمیلا_کی_سولہ_سال_سے_جاری_بھوک_ہڑتال_ختم
ہندوستان کی ریاست منی پور کی آئرن لیڈی ایروم شرمیلا نے سولہ سال بعد اپنی بھوک ہڑتال ختم کرتے ہوئے آئندہ ریاستی اسمبلی کے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۲:۳۶ Asia/Tehran
  • ایروم شرمیلا کی سولہ سال سے جاری بھوک ہڑتال ختم

ہندوستان کی ریاست منی پور کی آئرن لیڈی ایروم شرمیلا نے سولہ سال بعد اپنی بھوک ہڑتال ختم کرتے ہوئے آئندہ ریاستی اسمبلی کے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

ریاست منی پور میں سیکورٹی فورس کو خصوصی اختیارات دئے جانےکے خلاف احتجاج کے طورپر گذشتہ سولہ برسوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھی ایروم شرمیلا نے بالآخر اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کااعلان کردیا۔ انہوں نے منگل کو اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے آئندہ ہونے والے ریاستی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایروم شرمیلا نے جو آئرین لیڈی کے نام سے مشہور ہو چکی ہیں اپنا ضمانت بانڈ بھی بھر دیا ہے- ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ امپھال کی ایک عدالت نے ایروم شرمیلا کو دس ہزار روپئے کے ذاتی بانڈ پر رہا کر دیا ہے- ایروم شرمیلا پہلے ہی اعلان کر چکی ہیں کہ وہ آئندہ سال ہونے والے ریاستی انتخابات میں آزاد امیدوار کے طورپر حصہ لیں گی۔

واضح رہے کہ ایروم شرمیلا نے دو ہزار میں سیکورٹی فورس کے ہاتھوں دس عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد ریاست میں نافذ آفسپا قانون ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال شروع کی تھی جو سولہ برسوں تک جاری رہی- انہیں اس عرصے میں چودہ بار خودکشی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا-

ہندوستانی حکام نے اس عرصے میں زبردستی ناک کی نلی کےذریعے ان کے جسم کو زبردستی غذا پہنچائی اور انہیں زندہ رکھنے کی کوشش کی- حالانکہ ان کے وکیل نے بارہا یہ دلیل پیش کی کہ ہندوستان میں بھوک ہڑتال کوئی جرم نہیں ہے اور ان کی موکلہ نے کبھی بھی خودکشی کی کوشش نہیں کی۔