کشمیر کی کشیدہ صورتحال،ہندوستانی پارلیمنٹ میں ہنگامہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i241906-کشمیر_کی_کشیدہ_صورتحال_ہندوستانی_پارلیمنٹ_میں_ہنگامہ
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پرتشدد مظاہرے تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں اور بدھ کو تینتیسویں روز بھی مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  • کشمیر کی کشیدہ صورتحال،ہندوستانی پارلیمنٹ میں ہنگامہ

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پرتشدد مظاہرے تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں اور بدھ کو تینتیسویں روز بھی مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ جنوبی کشمیر کے سبھی اضلاع میں پرتشدد مظاہرے بدھ کو بھی جاری رہے جبکہ بانڈی پورہ میں ہونےوالے مظاہرے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا- عینی شاہدین اور مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ایک بار پھر پیلیٹ گن کا استعمال کیا لیکن حکام اور خود پولیس نے اس کی تردید کی ہے-

بانڈی پورہ اور جنوبی کشمیرکے دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر مظاہرہ کیا- ان مظاہروں میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں - اس درمیان للّہار کے علاقے سے بھی خبر ہے کہ وہاں بھی بہت بڑا مظاہرہ کیا گیا ہے اور آس پاس کے گاؤں اور دیہاتوں کے لوگوں نے بھی اس مظاہرے میں حصہ لیا-

جنوبی کشمیر کے سبھی اضلاع میں کرفیو بدستور نافذ ہے کہ جبکہ دارالحکومت سری نگر کے پائین شہر کے علاقے میں بھی کرفیونافذ ہے - علیحدگی پسند جماعتوں نے آئندہ بارہ اگست تک احتجاجی مظاہروں اور ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔

دوسری جانب ہندوستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں کشمیر میں جاری بحران کو لے کر زبردست ہنگامہ ہوا- راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے وزیراعظم نریندر مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کشمیر کے معاملے پر ایوان میں آکر بیان کیوں نہیں دے رہے ہیں - ان کا کہنا تھا کہ جب ایوان کا اجلاس جاری ہے تو انہیں ایوان سے باہر بولنے کی کیا ضرورت ہے-

انہوں نے کہا کہ ملک کا تاج جل رہا ہے لیکن وزیراعظم نے ایوان میں آکر بیان دینے کی زحمت تک نہ کی- راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی خوبصورتی کی وجہ سے اس سے پیار کا اظہار مت کرو بلکہ وہاں بسنےوالے لوگوں سے محبت کا اظہار کرو ان بچوں سے پیار کرو جن کی آنکھیں چلی گئی ہیں-

کانگریس کے لیڈر نے حکمراں جماعت بی جے پی پر بھی جم کر حملہ کیا اور کہا کہ اس جماعت کا کام آگ لگانا ہی رہا ہے اور جہاں بھی اس کا قدم پڑتاہے وہاں آگ لگ جاتی ہے- حکمراں جماعت کے سلسلے میں غلام نبی آزاد کے اس بیان پر بی جے پی ممبران نے احتجاج کیا اور وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے کشمیر کے مسئلے پر بولتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے پر سبھی جماعتوں کی ایک رائے ہونی چاہئے۔