کشمیر کے بارے میں کسی سے مذاکرات نہیں کریں گے: راج ناتھ سنگھ
ہندوستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک کشمیر کے بارے میں کسی بھی دوسرے ملک سے مذاکرات نہیں کرے گا۔
نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق بدھ کے روز پارلیمنٹ میں کشمیر کے بارے میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت کشمیر کو ہندوستان سے الگ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنے ملک کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے اور اس بارے میں کسی سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کشمیر کے بارے میں کسی بھی قسم کے مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان صرف پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے بارے میں اسلام آباد سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف کے اس بیان کے جواب میں ہے جس میں انہوں کشمیر کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ستون قرار دیا تھا۔ پاکستان کے وزیراعظم نے اپنے ملک کے سفارتکاروں کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ دنیا بھر کے ملکوں کو اس بات سے آگاہ کریں کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے کو ہندوستان کا اندرونی معاملہ نہیں سمجھتا۔
نواز شریف نے گزشتہ ماہ ہندوستانی فوج کے ہاتھوں مارے جانے والے حزب المجاہدین کے کمانڈر برھان وانی کو کشمیر کی تحریک آزادی کا شہید قرار دیا تھا۔
قابل ذکرہے کہ آٹھ جولائی کو ہندوستانی فوج کے ہاتھوں برھان وانی کے قتل کے بعد سے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں حالات سخت کشیدہ چلے آ رہے ہیں۔ پچھلے ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں میں کم سے کم ساٹھ افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔