ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں 36 ویں روز بھی کرفیو اور مظاہرے
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i242464-ہندوستان_کے_زیرانتظام_کشمیر_میں_36_ویں_روز_بھی_کرفیو_اور_مظاہرے
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور متعدد علاقوں سے ہفتے کے روز بھی مظاہروں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں 36 ویں روز بھی کرفیو اور مظاہرے

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور متعدد علاقوں سے ہفتے کے روز بھی مظاہروں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

خبروں کے مطابق ہندوستان کے وزیرانتظام کشمیر کے حکام نے سوپور، ہندواڑہ، اور تریگام سمیت وادی کے دس اضلاع میں کرفیو اور بندشوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس موقع پر وادی میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک دکھائی نہیں دیا۔

کرفیو اور بندشوں کے باوجود وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کیے اور ہندوستان مخالف نعرے لگائے۔ کشمیر کی علیحدگی پسند جماعتوں نے اپنے احتجاج کی کال کا دائرہ بارہ اگست سے بڑھا کر اٹھارہ اگست کر دیا ہے جسے ناکام بنانے کے لیے مقامی حکومت نے ایک بار پھر کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

متعدد رہنماؤں کو ان کے گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے جبکہ سید علی شاہ گیلانی اپنے گھر کے باہر احتجاجی کیمپ لگا کر بیٹھ گئے ہیں۔ سید علی شاہ گیلانی لال چوک کی جانب مارچ کرنا چاہتے تھے تاہم ہندوستانی سیکورٹی فورس نے انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد انہوں نے اپنے گھر کے باہر احتجاجی کیمپ میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا۔

ادھر اسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کشمیر میں جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران زخمی ہونے والا ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا ہے جس کے بعد پچھلے ایک ماہ کے دوران مرنے والوں کی تعداد چھیاسٹھ ہوگئی ہے۔

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں گزشتہ ماہ حزب المجاہدین کے کمانڈر برھان وانی کی موت کے بعد سے حالات سخت کشیدہ چلے آ رہے ہیں۔ مقامی عہدیداروں کا کہنا ہے کشمیر میں جاری بدامنی کے نتیجے میں کم سے کم درجنوں افراد جاں بحق اور سات ہزار کے لگ بھگ زخمی ہوئے ہیں۔