ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں کشیدگی برقرار
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پیر کو بھی کرفیو کے باجود پرتشدد مظاہرے جاری رہے اور ہندوستان کے یوم آزادی کی تقریب سری نگر میں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات میں منعقد کی گئی
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں گذشتہ آٹھ جولائی سے شروع ہونے والے پرتشدد مظاہروں احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا جبکہ حکام نے پندرہ اگست ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پر حفاظت کے انتظامات مزید سخت کردئے تھے - وادی کے مختلف علاقوں میں پیر پندرہ اگست کو بھی کرفیو جاری رہا اور مختلف مقامات پر لوگوں نے سڑکوں پر نکل کرمظاہرے کئے - اس درمیان ریاستی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں سخت حفاظتی انتظام میں ہندوستان کا پرچم لہرا یا - انہوں نے ہندوستان کے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان سے اپیل کی کہ وہ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کے کشمیریوں کو ایک دوسرے سے ملائیں - انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ کشمیر میں اتنا خون بہہ چکا ہے کہ دریائے جہلم کی اب اپنے اندر مزید خون سمانے کی سکت بھی ختم ہوچکی ہے - انہوں نے ہندوستان اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ دونوں طرف کے کشمیر کی سرحدوں کو ختم کرکے اسے امن اور ترقی کا نمونہ بنائیں - دوسری جانب وادی کشمیر میں پندرہ اگست کو علیحدگی پسند جماعتوں نے یوم سیاہ منایا -