ہندوستان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کے دفاتر بند
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i243538-ہندوستان_میں_ایمنسٹی_انٹرنیشنل_اور_ہیومن_رائٹس_واچ_کے_دفاتر_بند
ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے انتہا پسند ہندؤں کی دھمکیوں کے بعد ہندوستان میں اپنے دفاتر عارضی طور پر بند کردیئے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کے دفاتر بند

ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے انتہا پسند ہندؤں کی دھمکیوں کے بعد ہندوستان میں اپنے دفاتر عارضی طور پر بند کردیئے ہیں۔

نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق نئی دہلی میں ایمنسٹی کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ پولیس کی جانب سے اس انتباہ کے بعد کیا گیا ہے کہ حکومت کے حامی انتہا پسند ہندو عناصر کے حملے کا امکان ہے لہذا ادارے کے ارکان اپنے دفاتر آنے سے گریز کریں۔ ہندوستان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ترجمان ہیمانشی متّا نے کہا ہے کہ پولیس نے ایمنسٹی کے دفاتر پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے لہذا ہم نے ادارے کے دفاتر عارضی طور پر بند کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ہندوستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے لوگوں میں کافی آگاہی پیدا کی ہے لیکن دونوں اداروں کو انتہا پسندوں کی مخالفت کا سامنا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد سے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف انتہا پسند ہندووں کے حملے تیز ہوگئے ہیں۔