کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کی صدر پرنب مکھرجی سے ملاقات
ہندوستان کے زیرانتظام ریاست جموں کشمیر کی حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنماؤں نے صدرپرنب مکھر جی سے ملاقات کرکے کشمیر میں جاری بدامنی کو ختم کرانے کے درخواست کی ہے
ریاست جموں کشمیر کے حزب اختلاف کے رہنماؤں نے ہندوستان کے صدر پرنب مکھر جی سے کہا کہ وہ ریاستی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ موجودہ بحران کو طاقت اور حکومتی مشینریوں کے ذریعے نہیں بلکہ سیاسی طریقے سے حل کریں - صدر پرنب مکھرجی سے ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات کے بعد ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر کے سابق وزیراعلی عمر عبداللہ نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جو ایک سیاسی مسئلہ بن کررہ گیا ہے پہلے سے ہی عدم استحکام پایاجاتا تھا اور موجودہ حالات میں صورتحال مزید بدتر ہوگئی ہے - انہوں نے کہا کہ ہم نے صدر پرنب مکھر جی سے درخواست کی ہے کہ وہ مرکزی حکومت سے کہیں کہ کشمیرکے بحران کا حل سیاسی طریقے سے تلاش کرے اور کسی تاخیر کے بغیر سبھی فریقوں کے ساتھ مذاکرات کرکے بحران کا ایک پائیدار سیاسی حل نکالے - عمرعبداللہ نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے تعلق سے مرکزی حکومت کا انکار مایوس کن ہے اوراس سے وادی کشمیر میں امن و امان کی برقراری کے لئے آگے چل کر سنگین مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں