ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں سخت ترین کرفیو کے باوجود مظاہرے
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں اتوار کو چوالیسویں روز بھی انتہائی سخت کرفیو کے باوجود پرتشدد مظاہرے جاری رہے
جنوبی کشمیر کے شوپیا، کلگام، اننتناگ اور پلواما علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر حکومت کے خلاف مظاہرے کئے - اس درمیان مظاہرین اور سیکورٹی فورس کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں - سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ حکومت کی جانب سے کرفیواور بندشوں کو جتنا زیادہ سخت کیا جارہا ہے حالات اتنے ہی زیادہ خراب ہوتے جارہے ہیں - حکام کا کہنا ہے کہ سخت کرفیو کا نفاذ اور بندشیں شہریوں کی حفاظت کے لئے ہی کی جارہی ہیں - شمالی قصبہ بارا مولا میں بھی مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدیدجھڑپوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں- اگرچہ حکام کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کو پیلٹ گن کے استعمال سے منع کردیا گیا ہے لیکن مظاہرین کا کہناہے کہ سیکورٹی فورس کی جانب سے پیلٹ گنوں کا استعمال بدستورجاری ہے - دریں اثنا ہندوستان کے وزیرخزانہ اور حکمراں جماعت بی جے پی کے سینیئر لیڈر ارون جیٹلی وادی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سری نگر پہنچے ہیں جہاں انہوں نے سیاسی رہنماؤں سے بات چیت کی ہے -