ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں مسلح افراد اور سیکورٹی فورسز کے مابین تصادم
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں مسلح افراد اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کے درمیان تصادم میں تین مسلح افراد مارے گئے ہیں
ہندوستانی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل این این جوشی کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح تین مسلح افراد نے ضلع کپواڑہ کے تنگدھار سیکٹر سے لائن آف کنٹرول پار کرنے کی کوشش کی لیکن سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے تینو دراندازوں کو ہلاک کردیا - ہندوستانی وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے ان مسلح افراد کو ہتھیارڈال دینے کو کہا لیکن مسلح افراد نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی جواب میں سیکورٹی اہلکاروں نے بھی فائرنگ کرکے انہیں ہلاک کردیا - کرنل جوشی کا کہنا تھا کہ آس پاس کے جنگلوں میں مشتبہ دراندازوں کو تلاش کرنے کا کام جاری ہے- کپواڑہ میں یہ تصادم ایک ایسے وقت ہوا ہے جب وادی میں گذشتہ ڈیڑھ مہینے سے حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور پرتشدد مظاہروں کے دوران مبینہ طور پر سیکورٹی فورس کے ہاتھوں مارے جانے والوں کی تعداد ستر سے زائد ہوگئی ہے -