ہندوستان: کشمیر میں ہوئی ہر موت ملک کانقصان ہے، نریندر مودی
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کشمیر میں ہوئی ہر موت، ملک کا نقصان ہے۔
ہندوستانی وزیر اعظم نے سرکاری ریڈیو کے پروگرام من کی بات میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں ہوئی ہر موت، خواہ وہ کشمیری نوجوانوں کی ہو یا سیکورٹی اہلکاروں کی، ملک کا نقصان ہے- انہوں نے کہا کہ جو لوگ کشمیری نوجوانوں کو ہاتھ میں پتھر اٹھانے کے لئے اکسا رہے ہیں انہیں ایک دن اپنے انہی نوجوانوں کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا- نریندر مودی نے ملک میں وحدت کو سب بڑی طاقت بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں ملک کے سوا سو کروڑ عوام کی طاقت پر بھروسہ ہے- ان کا کہنا تھا کہ طاقت اور پوری وفاداری اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنے کا یہ عہد، ساری رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لے جائے گا- ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر میں ہونے والی ہلاکتوں پر ایک ایسے وقت اپنے افسوس کا اظہار کیا ہے جب پچھلے اکیاون روز سے وادی کے حالات انتہائی خراب اور کشیدہ چلے آ رہے ہیں اور بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ اب تک اسّی سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ آٹھ ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں-