ہندوستان اور امریکا کے مابین اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے پر دستخط
ہندوستان اور امریکا نے دفاع کے شعبے میں ایک اہم معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔
ہندوستانی خبر رساں ایجنسی یو این آئی نے خبر دی ہے کہ ہندوستان اور امریکا کے درمیان اس اہم معاہدے کے مطابق اب دونوں ممالک ایک دوسرے کے فوجی اڈوں کو استعمال کر سکیں گے- معاہدے کے تحت ہندوستان اور امریکا فوجی سازوسامان اور دیگر خدمات میں ایک دوسرے کو شریک کر سکیں گے-
اس معاہدے کا اعلان امریکا کا دورہ کرنے والے ہندوستانی وزیردفاع منوہرپاریکر اورامریکی وزیر جنگ ایشٹن کارٹر کی ملاقات کے بعد جاری ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا- ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے دونوں ملکوں کی فوج کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا آسان ہو گا البتہ ایسا ہمیشہ دونوں کی رضامندی سے ہوگا۔
یاد رہے کہ امریکی وزیر جنگ ایشٹن کارٹر اور ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پاریکر کے درمیان اپریل کے مہینے میں اس معاہدے پر اصولی طور پر اتفاق ہوا تھا لیکن تفصیلات کو حتمی شکل نہیں دی گئی تھی-
دریں اثنا پاکستان اور چین کے ذرائع ابلاغ میں اس معاہدے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے- پاکستان اور چین کے ذرائع ابلاغ نے کہا ہے اس معاہدے سے دونوں ملکوں پر براہ راست اثرمرتب ہوگا- پاکستانی اور چینی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہےکہ ایشیا میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو روکنے کے لئے ہندوستان اور امریکا نے یہ معاہدہ کیا ہے۔