جموں کشمیر کے نوجوانوں کے لئے مودی کی جانب سے پیکج کا اعلان
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i246193-جموں_کشمیر_کے_نوجوانوں_کے_لئے_مودی_کی_جانب_سے_پیکج_کا_اعلان
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست جموں کشمیر کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں سے جوڑنے کے لئے دو سو کروڑ روپئے کا خصوصی پیکج دینے کا اعلان کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۰۲, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۴ Asia/Tehran
  • جموں کشمیر کے نوجوانوں کے لئے مودی کی جانب سے پیکج کا اعلان

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست جموں کشمیر کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں سے جوڑنے کے لئے دو سو کروڑ روپئے کا خصوصی پیکج دینے کا اعلان کیا ہے۔

ہندوستانی خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے جمعے کو اعلان کئے گئے اس پیکج کے ذریعے ہندوستان کے زیرانتظام ریاست جموں کشمیر کے تمام اضلاع میں انڈور کھیل ہال تعمیر کئے جائیں گے جس کا مقصد ریاست میں طویل موسم سرما کے دوران نوجوانوں کو کھیل کی طرف متوجہ کرنا اور کھیل کی سہولیات فراہم کرنا ہے-

ریاست جموں کشمیر کے دونوں دارالحکومتوں سری نگر اور جموں میں دو اسٹیڈیمز کو اس پیکج کے تحت بین الاقوامی سطح کا بنایا جائے گا جبکہ پونچھ، راجوری اور اودھم پور میں موجودہ اسٹیڈیم میں کھیلوں کی سہولتوں کو بہتر کیا جائے‏ گا-

ہندوستانی وزیراعظم نے جموں کشمیر کے نوجوانوں کے لئے کھیل کے اس پیکج کا اعلان ایک ایسے وقت کیا ہے جب نو جولائی سے وادی کے سبھی علاقوں میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ جس کے دوران ستر سے زائد افراد جاں بحق اور آٹھ ہزارکے قریب زخمی ہوئے ہیں-

جمعے کو بھی کرفیو ہٹنے کے محض دو روز بعد حکام نے وادی کے بیشتر علاقوں میں دوبارہ کرفیو نافذ کر دیا- جمعے کو بھی وادی میں پرتشدد مظاہروں کے دوران درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔