ہندوستانی اپوزیشن لیڈران کشمیری عوام سے بھی ملیں گے: آزاد
ہندوستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالان راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس پارٹی کے مرکزی رہنما غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران وادی کشمیر کے زمینی حقائق جاننے کے لئے عام کشمیریوں سے ملاقات کریں گے۔
اتوار کو وادی کے دو روزہ دورے پر پہنچنے والے کل جماعتی وفد میں شامل غلام نبی آزاد نے سری نگر میں ڈل جھیل کے کنارے واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر کے باہر نامہ نگاروں سے گفتکو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف وفود، سیاسی جماعتوں کے لیڈران اور دیگر افسران کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈروں نے عام کشمیریوں سے بھی ملنے کا فیصلہ کیا ہے- ان کا کہنا تھا کہ ہم وادی کشمیر کی زمینی صورتحال جاننے کے لئے لوگوں سے ملاقات کریں گے- وادی کشمیر میں تقریبا دو مہینے سے جاری پرتشدد مظاہروں میں ستر سے زائد افراد جاں بحق اور آٹھ ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ وادی میں معمولات زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔