کشمیر میں اکسٹھویں روز بھی پرتشدد مظاہرے
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i247036-کشمیر_میں_اکسٹھویں_روز_بھی_پرتشدد_مظاہرے
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں اکسٹھویں روز بھی پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا جن میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں -
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۳ Asia/Tehran
  • کشمیر میں اکسٹھویں روز بھی پرتشدد مظاہرے

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں اکسٹھویں روز بھی پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا جن میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں -

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ وادی کے جنوبی اور شمالی علاقوں اور دارالحکومت سری نگر میں بھی بدھ کو احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا - سری نگر کے بادشاہی باغ علاقے میں بدھ کو مظاہرین اور سیکورٹی فورس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں - پلواما، کلگام، انننتاگ، کپواڑہ اور سوپور جیسے علاقوں سے خبر ہے کہ بدھ کو شدید بندشوں کے باوجود مظاہرین اور پولیس اور سیکورٹی فورس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں - 

بدھ کو زخمی ہونے والوں میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک ہے جنھیں سری نگر کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے - دوسری جانب علیحدگی پسند جماعتوں کے حامیوں اور کارکنوں کے خلاف پولیس اور سیکورٹی فورس نے کریک ڈاؤن کا سلسلہ تیز کردیا ہے - پولیس کا کہنا ہے کہ درجنوں افراد کو تشدد کو بھڑکانے کے سلسلے میں گرفتار کرلیا گیا ہے - اس درمیان کلگام میں ایک ستر سالہ سن رسیدہ شخص اس وقت جاں بحق ہوگیا جب سیکورٹی فورس کے ذریعے داغا گیا ایک شیل اس کے قریب  گر کر دھماکے سے پھٹ گیا - ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شدید دھماکے کی وجہ سے اس شخص کی حرکت قلب بند ہوگئی اور وہ جاں بحق ہوگیا -