کشمیر سے متعلق نئی دہلی میں کل جماعتی میٹنگ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i247039-کشمیر_سے_متعلق_نئی_دہلی_میں_کل_جماعتی_میٹنگ
کشمیر کے مسئلے کا جائزہ لینے کے لئے نئی دہلی میں کل جماعتی میٹنگ ہوئی جس میں کشمیر کا دورہ کرنے والے وفد کے ارکان کی تجاویز پر غور کیا گیا -
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۴:۰۴ Asia/Tehran
  • کشمیر سے متعلق نئی دہلی میں کل جماعتی میٹنگ

کشمیر کے مسئلے کا جائزہ لینے کے لئے نئی دہلی میں کل جماعتی میٹنگ ہوئی جس میں کشمیر کا دورہ کرنے والے وفد کے ارکان کی تجاویز پر غور کیا گیا -

نئی دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونےوالی اس میٹنگ میں شریک کل جماعتی وفد کے ارکان اورسیاسی لیڈروں نے شرکت کی - میٹنگ کی صدارت وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کی - میٹنگ میں شریک کل جماعتی وفد کے ارکان نے مرکزی حکومت اور ریاست جموں کشمیر کی حکومت پر زوردیا کہ وہ کشمیر میں سبھی فریقوں اور اسٹیک ہولڈروں سے بات چیت کرے - میٹنگ کے شرکا نے اس بات پر بھی زوردیا کہ ملک کی  سالمیت اور اقتدار اعلی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی- میٹنگ کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں  وادی کشمیر میں مظاہرین سے کہا گیا ہے کہ وہ تشدد کا راستہ چھوڑیں اور مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کریں - بیان میں علیحدگی پسندجماعتوں اور حریت کانفرنس کا نام لئے بغیر مرکزی اور ریاستی دونوں حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کشمیر کے سبھی فریقوں سے بات چیت کے لئے پہل کریں - بیان میں کشمیر کی موجودہ ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے - بیان میں مرکزی اور ریاستی دونوں حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ وادی میں اسکول، کالج، سرکاری اداروں اور تجارتی مراکز کی سرگرمیاں دوبارہ بحال کرنے کے لئے حالات کو جلد سے جلد معمول پر لائیں - بیان میں حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ سبھی شہریوں کی جان کےتحفظ کو یقینی بنائے اور مظاہروں کے دوران زخمی ہونے والے شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے علاج معالجے کے لئے مناسب سہولتیں فراہم کرے - کمیونسٹ پارٹی آف مارکسیسٹ کے رہنما سیتارام یچوری نے کہا ہے کہ انہوں نے پیلٹ گنوں کے استمعال کو فوری طور پر روک دینے اور زخمیوں کے مناسب علاج کا مطالبہ کیا ہے تاکہ  بحالی اعتماد کا عمل شروع کیا جاسکے - انہوں نے کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ سیکورٹی فورس کی مبینہ زیادتیوں کی بھی تحقیقات کی جانی چاہئیں -