آسیان سربراہی اجلاس میں ہندوستانی وزیراعظم کا خطاب
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے دہشت گردی کے پھیلنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ علاقے کی سلامتی کے لئے مشترکہ خطرہ ہے-
لائوس میں آسیان کے سربراہی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے آسیان کے رکن ملکوں کو ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کرنی چاہئے - انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑھتے ہوئے چیلنجوں کے پیش نظر آپسی رشتوں میں سیاسی تعاون بہت ہی ضروری ہے - انہوں نے سائبر سیکورٹی پربھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم سائبر سیکورٹی ، انتہا پسندی کے خاتمے اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے ٹھوس قدم اٹھانا چاہتے ہیں -
انہوں نے کہا کہ آسیان ہندوستان کی خارجہ پالیسی میں خاص مقام رکھتاہے- ہندوستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہندوستان آسیان کے سبھی ملکوں کے ساتھ اپنے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا چاہتاہے - انہوں نے آسیان کے اجلاس کی میزبانی کرنے پر لائوس کی حکومت کا شکریہ ادا کیا - جواب میں لائوس کے وزیراعظم نے بھی آسیان میں ہندوستان کے اہم رول پر شکریہ ادا کیا -