کشمیر میں ترسٹھویں روز بھی پرتشدد مظاہرے
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیرمیں جمعے کو بھی سخت بندشوں کے باوجود مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہرے کئے گئے-
سری نگر سے موصولہ خبروں کے مطابق حکومت نے نمازجمعہ پر پابندی عائد کرنے کے لئے وادی کے سبھی اضلاع کے صدر مقام اور اہم مراکز پر سخت بندشیں عائد کررکھی تھیں - حکومت نے اس ہفتے بھی سری نگر سمیت وادی کی کسی بھی اہم مسجد میں نمازجمعہ نہیں ہونے دی اور صبح سے ہی سبھی شہروں میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ تھا -
اس درمیان علیحدگی پسند جماعتوں کی اپیل پر جمعے کو وادی میں عام ہڑتال رہی جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح مفلوج رہے - وادی میں کارو باری مراکز، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ جمعے کو بھی بند رہے - علیحدگی پسند جماعتوں نے آئندہ سولہ ستمبر تک لوگوں سے احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کی اپیل کی ہے -
جمعے کو وادی کے جنوبی اضلاع میں مظاہروں میں نسبتا زیادہ شدت دیکھی گئی ، جہاں بعض مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا- جمعے کو بھی پرتشدد مظاہروں کے دوران درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں - وادی کشمیر میں گذشتہ ترسٹھ روز سے پرتشدد مظاہرے جاری ہیں لیکن حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود اس میں کسی طرح کی کوئی کمی نظر نہیں آتی -