ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جھڑپیں اور مظاہرے، پانچ ہلاک اور درجنوں زخمی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i247771-ہندوستان_کے_زیرانتظام_کشمیر_میں_جھڑپیں_اور_مظاہرے_پانچ_ہلاک_اور_درجنوں_زخمی
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والی تازہ جھڑپوں اور مظاہروں کے دوران کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جھڑپیں اور مظاہرے، پانچ ہلاک اور درجنوں زخمی

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والی تازہ جھڑپوں اور مظاہروں کے دوران کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

سری نگر میں مقامی حکام نے بتایا ہے کہ یہ جھڑپ اتوار کی صبح پونچھ کے علاقے میں اس وقت ہوئی جب مسلح افراد کے ایک گروپ نے لائن آف کنٹرول کو عبورکرنے کی کوشش کی۔

سری نگر میں پولیس ترجمان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چار افراد کو ہلاک کردیا ہے۔ اس جھڑپ میں ایک ہندوستانی سیکورٹی اہلکار بھی مارا گیا ہے۔

دوسری جانب پونچھ، نوگام ، ہندواڑہ اور پلوامہ سمیت ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے مختلف علاقوں میں اتوار کے روز بھی ہندوستان مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔

پلوامہ میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں سو سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ سات شدید زخمیوں کو سری نگر منتقل کردیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع نے ایک بار پھر ہندوستانی سیکورٹی فورس پر، مظاہرین کے خلاف پیلٹ گن کے استعمال کا الزام لگایا ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پینسٹھ روز سے جاری احتجاج اور مظاہروں کے دوران اسّی کے قریب افراد مارے جا چکے ہیں۔ تیرہ ہزار سے زائد افراد زخمی بھی بتائے جاتے ہیں۔