ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک سیکورٹی چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ دھماکہ کشمیر کے ضلع اننتناگ کے علاقے شیرگاہ میں واقع ایک سیکورٹی چیک پوسٹ کے باہر ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک نامعلوم مسلح شخص نے پولیس چیک پوسٹ پر ہینڈ گرینڈ پھنکنے کی کوشش کی جو چیک پوسٹ کے باہر گرا اور دھماکے سے پھٹ گیا۔ہینڈ گرینڈ کے اس دھماکے میں ایک عام شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ سیکورٹی اہلکار سمیت پندرہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔درایں اثنا حکام نے عیدالضحی کے موقع پر وادی کے مختلف علاقوں میں کرفیو کے نفاذ اور بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکام کے مطابق ہیلی کاپٹروں اور ڈرون کی مدد سے وادی کے اہم علاقوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں ایک بار پھر موبائل اور انٹر نیٹ سروس معطل کردی گئی ہے۔ علیحدگی پسند جماعتوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منگل کے روز عیدالضحی کی ادائیگی کے بعد اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر کی جانب مارچ کریں۔درایں اثنا ایمنسٹی انٹر نیشنل نے ہندوستان پر مظاہرین کے خلاف طاقت کے حد سے زیادہ استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر برائے ہندوستان ارک پاٹل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان کی سیکورٹی فورس کشمیر میں مظاہرین کے خلاف طاقت کا حد سے زیادہ استعمال کررہی ہے۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پچھلے چھیاسٹھ روز سے مظاہروں اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران سیکورٹی فورس کی فائرنگ میں اسّی افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔