مدھیہ پردیش میں مسافر بس کو حادثہ، چودہ ہلاک
ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام میں ایک مسافر بس کے گڑھے میں گر جانے کے نتیجے میں چودہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام کے گاؤں بدھواسا کے پاس ایک مسافر بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور سڑک کے کنارے تقریبا چالیس فٹ گہرے ایک گڑھے میں جا گری- مقامی حکام کا کہنا ہے کہ بارش کی وجہ سے گڑھا پانی سے بھرا ہوا تھا اور بس پوری طرح پانی میں ڈوب گئی - بتایا جاتا ہے یہ پرائیویٹ بس تھی جس میں پینتیس سے چالیس مسافر سوارتھے - آس پاس کے گاؤں والوں نے موقع پر پہنچ کر حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں نکالیں اور زندہ بچ جانے والے مسافروں کو نجات دلائی - ایک سینیئر ریاستی پولیس افسر پرشانت چوبے نے بتایا کہ بس رتلام سے جاورا جارہی تھی - ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بس کی رفتاربہت زیادہ تھی اور بے قابو ہو کر گڑھے میں جا گری - زخمیوں کو قریب کے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے