ہندوستان کے ساحلی شہر گوا میں بریکس سربراہی اجلاس
بریکس کے رکن ملکوں کا سربراہی اجلاس ہفتے کو ہندوستان کے شہر گوا میں شروع ہو رہا ہے۔
بریکس گروپ ، کہ جس میں برازیل، روس چین، ہندوستان اور جنوبی افریقہ شامل ہیں، دوہزار نو میں تشکیل پایا تھا - اس گروپ کی تشکیل کا مقصد عالمی اقتصاد میں توازن قائم کرنا اور مغربی ملکوں کے اقتصادی اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنا ہے - دریں اثنا ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ بریکس سربراہی اجلاس میں جہاں پیچیدہ مسائل کا اجتماعی حل تلاش کیا جائے گا وہیں باہمی تعاون کے نئے مواقع اور امکانات بھی ڈھونڈھے جائیں گے- انہوں نے کہا کہ بریکس سربراہی کانفرنس سے بڑی توقعات وابستہ ہیں - بریکس کا دو روزہ اجلاس اتوار تک جاری رہے گا - بریکس اجلاس کے موقع پر اجلاس میں شریک رہنما دوطرفہ ملاقاتوں میں اہم علاقائی اور عالمی حالات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے - بریکس اجلاس کے موقع پرہندوستان اور روس کے درمیان میزائل دفاعی سسٹم ایس فور ہنڈرڈ کے معاہدے پر دستخط بھی ہوں گے - کریملن کے مطابق ہفتے کو گوا میں ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات میں صدر پوتن روس کے سب سے زیادہ ایڈوانس دفاعی میزائل سسٹم ایس فور ہنڈرڈ کو ہندوستان کے ہاتھ فروخت کرنے کے ایک معاہدے پر دستخط کریں گے - اس درمیان ایک ہندوستانی اخبار نے لکھا ہے کہ روس کے وزیرصنعت و تجارت میندیس منتروف نے کہا ہے کہ ہندوستان نے روس سے درخواست کی ہے کہ وہ سویلین طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی مشترکہ پیداوار میں اس کے ساتھ تعاون کرے - خبر ہے کہ روس بھی اس منصوبے کے لئے تیار ہے اور دونوں ممالک مل کر روسی ساخت کے ہیلی کاپٹر اور سویلین طیارے بنائیں گے -