بریکس اجلاس کے موقع پر ہندوستان اور روس کے درمیان اہم دفاعی معاہدہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i253309-بریکس_اجلاس_کے_موقع_پر_ہندوستان_اور_روس_کے_درمیان_اہم_دفاعی_معاہدہ
گوا میں بریکس سربراہی اجلاس شروع ہوگیا ہے جس میں رکن ممالک کے سربراہان مملکت شریک ہیں.
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Oct ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۲:۲۵ Asia/Tehran
  • بریکس اجلاس کے موقع پر ہندوستان اور روس کے درمیان اہم دفاعی معاہدہ

گوا میں بریکس سربراہی اجلاس شروع ہوگیا ہے جس میں رکن ممالک کے سربراہان مملکت شریک ہیں.

گوا میں بریکس سربراہی اجلاس  شہر کے بیناؤ لیم علاقے میں واقع فائیو اسٹار ہوٹل میں ہورہا ہے- اس سے قبل ہندوستان اور روس کے سربراہوں کی ملاقات کے  دوران سولہ سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے جن میں ہندوستان کو روس کے میزائل دفاعی سسٹم ایس فور ہنڈرڈ کی فراہمی کا معاہدہ بھی شامل ہے- ہندوستان اور روس نے ہیلی کاپٹروں کے سودے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت ہندوستان کو روس کے کوموو ملیٹری ہیلی کاپٹر ملیں گے- اس کے علاوہ انرجی اور ٹریفک اسمارٹ سٹی سیکٹر میں بھی اہم سمجھوتے ہوئے ہیں - اس موقع پر ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں ہندوستان اور روس کا موقف ایک جیسا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس ہمارے ساتھ ہے - انہوں نے روس کے ساتھ ہندوستان کے قدیمی تعلقات اور دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دو نئے دوستوں سے ایک پرانا دوست بہتر ہوتا ہے - نریندرمودی نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے مشترکہ تعاون کا مستقبل تابناک ہے - واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نے روس کے ساتھ اپنے ملک کی پرانی دوستی کی یہ بات ایک ایسے وقت کہی ہے جب پچھلے دنوں پاکستان اور روس کے درمیان ہونے والی مشترکہ فوجی مشق پر ہندوستان نے تحفظات کا اظہار کیا تھا- جبکہ ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے کہا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی مشق ہندوستان کی موجودہ حکومت کی کمزور خارجہ پالیسی کی غمازی کرتی ہے -