پاکستان جانے والے پانی پر ہندوستانی وزیراعظم کا بیان
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے درمیان ہندوستانی وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے پانی کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں دیں گے
ریاست پنجاب کے شہر بھٹنڈا میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہمارے کسانوں کی زمینوں کو بھی مناسب پانی ملنا چاہئے- ان کا کہنا تھا کہ وہ پانی جس کا تعلق ہندوستان سے ہے اسے پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نریندر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کو وافر مقدار میں پانی فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
پاکستان پہلے ہی ہندوستان کی طرف سے اس قسم کی دھمکی کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دے چکا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ عالمی بینک کی ثالثی سے ہوا تھا جس پر اس وقت کے پاکستان کے صدر ایوب خان اور ہندوستان کے وزیراعظم جواہر لعل نہرو نے دستخط کئے تھے-
پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت مشرقی دریاؤں ستلج ، بیاس اور راوی کے پانی کو ہندوستان جبکہ مغربی دریاؤں سندھ، چناب اور جہلم کے پانی کو پاکستان کو استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔