ہندوستان میں نوٹ بندی کے خلاف ہڑتال
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i260023-ہندوستان_میں_نوٹ_بندی_کے_خلاف_ہڑتال
ہندوستان میں نوٹ بندی کے خلاف آج عام ہڑتال رہی جبکہ کئی ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۳:۵۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں نوٹ بندی کے خلاف ہڑتال

ہندوستان میں نوٹ بندی کے خلاف آج عام ہڑتال رہی جبکہ کئی ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے-

ہندوستان میں پانچ سو اور ہزار روپیے کے نوٹوں پر پابندی کے خلاف آج ملک کی کئی ریاستوں میں عام ہڑتال رہی جبکہ بعض ریاستوں میں نوٹ بندی کے خلاف احتجاجی  مظاہرے کئے گئے- بہار، مغربی بنگال اور ملک کی جنوبی ریاستوں میں نوٹ بندی کے خلاف ہڑتال کا ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا-

رپورٹوں کے مطابق آج حکومت کے خلاف بائیں بازوں کی جماعتوں سمیت کئی سیاسی پارٹیوں کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کو مجموعی طور پر کامیاب بتایا جا رہا ہے جبکہ بعض ریاستوں میں اس پرملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا-

ہندوستان کی مرکزی حکومت کی نوٹ بندی کے خلاف ملک گیر ہڑتال کے دوران ریاست بہار کے مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور کئی علاقوں میں سڑک اور ریل راستے بند کر دیئے جس سے ٹریفک متاثر ہوا اور لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اسکولوں اور دفاتر میں حاضری عام دنوں کی طرح ہی دیکھنے میں آئی-

بائیں  بازو کی جماعتوں سمیت کئی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بند کی اپیل پر بند حامی ریاستوں کے مختلف علاقوں میں عوام صبح سے ہی سڑکوں پر نکل آئے۔ پانچ سو اور ہزار کے نوٹوں پر بی جے پی حکومت کی جانب سے عائد کردہ پابندی کے خلاف زبردست احتجاج کیا-

مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے پیر کو کولکتہ میں ترنمول کانگریس کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ میں آج یہ عہد کرتی ہوں کہ مروں یا جیوں لیکن وزیراعطم مودی کو ہندوستان کی سیاست سے ہٹا کر ہی دم لوں گی- ممتا بنرجی نے نوٹ بندی کے مسئلے پر مودی حکومت پر سخت تنقید کی- انھوں نے کہا کہ مودی حکومت نے خود کو خدا سمجھ لیا ہے-

انھوں نے کہا کہ بازار سینما ، تھیٹر سبھی نوٹ بندی سے متاثر ہوئے ہیں لیکن وزیر اعظم کو ‏عام آدمی کا کوئی خیال نہیں ہے - انھوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں زیادہ تر لوگوں کے پاس بینک اکاؤنٹ تک نہیں ہیں وہ اس مشکل کا سامنا کیسے کریں گے- مغربی بنگال کی وزیراعلی نے نوٹ بندی کو عوام مخالف فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس عوام مخالف فیصلے کے خلاف آخر تک لڑیں گی-

دوسری طرف ہندوستان کی پارلیمنٹ میں پیر کو بھی نوٹ بندی کے مسئلے پر جم کر ہنگامہ ہوا اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے نوٹ بندی کے مسئلے پر وزیرا‏عظم مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا- اپوزیشن کی جانب سے نوٹ بندی معاملے پر وزیراعظم کے ایوان میں حاضر ہونے اور بیان دینے کا مطالبہ جاری رہا جس کے باعث ایوان زیریں لوک سبھا کی کارروائی دو بار اورایوان بالا راجیہ سبھا کی کارروائی تین بار روکنی پڑی اور پھر اس کے بعد پورے دن کے لئے معطل کر دی گئی-