پاکستان اور ہندوستان کے مابین مذاکرات کی بحالی پر اقوام متحدہ کی تاکید
اقوام متحدہ نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔
پاکستان کےوزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل جین الیسَن، انڈر سیکریٹری جنرل برائے سیاسی امور جیفری فیلٹ مین اور نامزد سیکریٹری جنرل آنٹوریو گوٹیریس سے ملاقات کی۔
اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی ملاقاتوں میں طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ سے یہ توقع رکھتا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے، بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فورسز کے ہاتھوں ایک سو سے زائد افراد ہلاک، جبکہ ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں جن میں چھ سوسے زائد پیلٹ گن استعمال ہونے کی وجہ سے اپنی بینائی کھو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں یہ اقوام متحدہ کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے اوراس طویل تنازع کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔
اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل جین الیسَن نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔