ہندوستان میں ریاستی اسمبلی کے انتخابی نتائج
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i275050-ہندوستان_میں_ریاستی_اسمبلی_کے_انتخابی_نتائج
ہندوستان کی پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بیشتر رجحانات آچکے ہیں جن کے مطابق مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی نے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں واضح اکثریت حاصل کر لی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۱:۲۳ Asia/Tehran
  •  ہندوستان میں ریاستی اسمبلی کے انتخابی نتائج

ہندوستان کی پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بیشتر رجحانات آچکے ہیں جن کے مطابق مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی نے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں واضح اکثریت حاصل کر لی ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاست اترپردیش اور اتراکھنڈ میں دوتہائی اکثریت حاصل کر لی ہے جبکہ کانگریس نے پنجاب میں اکالی دل اور بی جے پی اتحاد کو شکست دے کر واضح اکثریت حاصل کی ہے-

منی اور گوا میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے- سیاسی اہمیت کے لحاظ سے ملک کی اہم ریاست اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے چودہ سال  بعد اقتدار میں واپسی کی ہے-

یوپی میں بی جے پی نے مقابل پارٹیوں کو زبردست شکست دی- گذشتہ چودہ برسوں سے یوپی میں سماج وادی اور بہوجن سماج پارٹی کی ہی، حکومتیں رہی تھیں-

خبروں کے مطابق یوپی میں بی جے پی نے اترپردیش کی چارسو پانچ نشستوں والی ریاستی اسمبلی کی تین سو چار سیٹوں پر سبقت حاصل کر لی ہے-

دوسری جانب ریاست پنجاب میں ایک سو سترہ سیٹوں والی اسمبلی میں کانگریس تہتر سیٹوں پر آگے چل رہی ہے جبکہ توقع کے برخلاف عام آدمی پارٹی کو صرف جوبیس سیٹوں پر ہی سبقت حاصل ہے-

پنجاب میں برسراقتدار اکالی دل اور اس  کی اتحادی جماعتوں کو صرف انیس سیٹوں پر ہی سبقت مل رہی ہے- پنجاب میں وزیراعلی کے عہدے کے دعویدار کانگریس کے کیپٹن امریندرسنگھ بھی الیکشن جیت گئے ہیں- ریاست اترا کھنڈ میں بھی بھارتیہ جنتاپارٹی دوتہائی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے جبکہ منی پور اور گوا میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سخت مقابلہ ہے-