ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں تشدد
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فوجیوں اور مسلح علیحدگی پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک کمسن بچی اور تین عسکریت پسند مارے گئے۔
سرینگر سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے کپواڑا میں مسلح علیحدگی پسندوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ کے دوران سرکاری اہلکاروں کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک چھے سالہ کمسن بچی جاں بحق ہوگئی۔ اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں میں کافی غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ کپواڑا کے مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فوجیوں نے بچی کو دانستہ فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔ کپواڑا پولیس کے ذرائع نے فوجیوں اور مسلح علیحدگی پسندوں کی جھڑپ کے دوران بچی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے لیکن کہا ہے کہ بچی، حادثاتی طور پر فائرنگ کا نشانہ بنی ہے۔سرینگر سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ میں تین مسلح علیحدگی پسند بھی مارے گئے ہیں۔ اس رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں کو اس جھڑپ میں کوئی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے کپواڑا میں سیکورٹی اہلکاروں اور مسلح علیحدگی پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔