ہندوستان اور ترکی کے درمیان تجارت میں ڈالر کے حذف ہونے کا امکان
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ہندوستان اور ترکی کے تجارتی اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ دونوں ممالک تجارتی لین دین سے ڈالر کو ہٹانے کے امکان پر گفتگو کر رہے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ہندوستان اور ترکی کے درمیان درآمدات و برآمدات، مقامی کرنسی میں ہونے کا امکان ہے کہا کہ یہ موضوع غیرملکی کرنسی کی قیمتوں پر منفی اثرات مرتب کرے گا اور اس کو بدلنے کے خرچے میں بھی اس سے کمی آئے گی۔
رجیب طیب اردوغان نے اس تجارتی اجلاس کے موقع پر کہا کہ ترکی کی مقامی کرنسی لیرے یا ہندوستانی روپے میں تجارتی لین دین سے دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات پر مثبت اثرات پڑیں گے۔
ترکی کے صدر نے یہ بھی کہا کہ ایٹمی انرجی کے میدان میں تعاون، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے شعبوں میں ایک شعبہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رجب طیب اردوغان ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ نئی دہلی کے دورے پر ہیں۔