نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کی وزارت خارجہ میں طلبی
ہندوستان نے نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے احتجاج کیا ہے۔
ہندوستان نے جموں و کشمیر میں مارے جانے والے ہندوستانی فوجیوں کی لاشوں کے ساتھ بقول ہندوستان کے بربریت کے معاملے میں نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط کو وزارت خارجہ طلب کیا اور فوجیوں کی توہین کے معاملے میں پاکستانی فوج کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا-
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے کہا کہ ہندوستان کے پاس خون کے ایسے نمونے موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی فوج نے کنٹرول لائن کو عبور کیا اور فوجیوں کے سر قلم کئے-
واضح رہے کہ ہندوستان کا دعوی ہے کہ پاکستانی فوج نے پیر کو کنٹرول لائن عبور کی تھی اور ہندوستانی علاقوں میں دو سو پچاس میٹر اندر گھس کر ہندوستانی فوج اور بی ایس ایف کی ٹیم پر حملہ کر دیا تھا جس میں دو ہندوستانی فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے-