ہندوستان کی جانب سے جنوبی ایشیا سٹلائٹ لانچ
ہندوستان نے جمعہ کو جنوبی ایشیا سیٹلائٹ لانچ کیا ہے
موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ سیٹلائٹ جمعے کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بجکر ستاون منٹ پر ہری کوٹا سے اسے لانچ کیا گیا۔ اسپیس ڈپلومیسی کے تحت تیار ہوئی ساؤتھ ایشیا سیٹلائٹ کو اسرو نے لانچ کیا ہے۔
پچاس میٹر اونچے راکٹ کے ذریعے بھیجا گیا یہ سیٹلائٹ، خلا میں شانتی دوت یعنی سفیر امن کا کردار نبھائے گا۔ ہندوستان کے اس سیٹلائٹ کے ذریعے جنوبی ایشیا کے ممالک کو کمیونیکیشن کی سہولت ملے گی۔
اس مشن میں افغانستان، بھوٹان، نیپال، بنگلہ دیش، مالدیپ اور سری لنکا شامل ہیں جبکہ اس میں پاکستان شامل نہیں ہے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ساؤتھ ایشیا سیٹلائٹ کے کامیاب آغاز کے لئے اسرو کے سائنسدانوں کو مبارک باد دی ہے۔
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سارک ممالک کے سربراہوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا سیٹلائٹ کی کامیاب لانچیگ کا فائدہ پورے علاقے کو ملے گا۔
مودی نے کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے اور اس سیٹلائٹ سے سارک کے رکن ممالک کو ترقی میں مدد ملے گی- نریندر مودی نے کہا کہ میں افغانستان ، بھوٹان، مالدیپ، سری لنکا، بنگلادیش اور نیپال کے سربراہوں کا شکرگذار ہوں اور یہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔