ہندوستان کا ایٹم بم لے جانے والے میزائل کا تجربہ
Jun ۰۲, ۲۰۱۷ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
ہندوستان نے ایٹمی وار ہیڈ لے جانے والے میزائل پرتھوی دو کا ایک اور تجربہ کیا ہے۔
نئی دہلی میں دفاعی اور عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ میزائل کا یہ تجربہ جمعے کی صبح ریاست اڑیسا کے علاقے چاندی پور میں ایک موبائل لانچنگ پیڈ سے کیا گیا۔
عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ میزائل اپنا راستہ تبدیل کرکے دشمن کی جانب سے داغے جانے والے میزائلوں سے بچنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ تین سو پچاس کلومیٹر دور تک مار کرنے والا یہ میزائل اپنے ساتھ ایک ٹن روائتی اور ایٹمی ہتھیار بھی لے جاسکتا ہے۔
کہا جارہا ہے کہ پرتھوی دو میزائل کو مائع اورجامد دونوں طرح کے ایندھن سے چلایا جاسکتا ہے۔
ہندوستان نے اس سے پہلے مئی دوہزار سولہ میں پرتھوی دو میزائل کے کامیاب تجربے کا اعلان کیا تھا۔
پرتھوی دو میزائل ہندوستان کا تیار کردہ پہلا بیلسٹک میزائل ہے۔