سری نگر میں بی ایس ایف کیمپ پر حملہ
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر مقام سرینگر میں ہوائی اڈے کے قریب سیکورٹی فورس کے ایک کیمپ پر حملے کے دوران چار افراد کے مارے جانے کی خبر ہے ۔
ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ بی ایس ایف کیمپ پر منگل کو فدائین کے حملے کے ساتھ شروع ہونے والے دو طرفہ آتشیں مقابلے میں ایک سیکورٹی اہلکار اور تینوں حملہ آور عسکریت پسند مارے گئے ۔ چھ گھٹنے تک جاری اس لڑائی میں بی ایس ایف کے دو جوان زخمی ہوئے۔ ہندوستانی ذرائع کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری جیش محمد نے قبول کی ہے ۔ہندوستانی میڈیا کے مطابق فوجی وردی میں ملبوس حملہ آور سری نگر ایئرپورٹ سے متصل ہندوستانی سیکورٹی فورس بی ایس ایف کے ایک سو بیاسی بٹالین کیمپ میں داخل ہوئے۔بی ایس ایف حکام کے مطابق حملہ آور صبح چار بجے کیمپ کے اندر داخل ہوئے جس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان چھے گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔سری نگر میں بی ایس ایف کے بیس کیمپ پر حملے کے بعد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل کردیا گیا جبکہ ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر وہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی - بی ایس ایف کے کیمپ کے قریب پرانا سری نگر ایئرفیلڈ ہے جو ہندوستانی فضائیہ کے زیراستعمال ہے جبکہ وہیں ایک تربیتی کیمپ بھی ہے جہاں بی ایس ایف اہلکاروں کو تربیت دی جاتی ہے۔