ہندوستان: سیکورٹی اہلکار نے اپنے ہی ساتھیوں کو گولی ماری
ہندوستان کی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں سی آرپی ایف کے ایک کیمپ میں ایک سیکورٹی اہلکار نے اپنے ہی چار ساتھیوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق انڈین پیرا ملٹری فورس سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے جوان نے تلخ کلامی کے بعد اپنے ہی ساتھیوں پر فائر کھول دیا۔
بیجا پور کے مقامی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اہلکار کی فائرنگ سے سی آر پی ایف کے چار اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر زخمی ہوگیا۔
ریاست چھتیس گڑھ کے ایک سینیئر پولیس افسر نے بھی میڈیا کو بتایا کہ کن حالات میں اس نوجوان نے اپنے ساتھیوں پر ہی فائر کھول دیا اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
مذکورہ پولیس عہدیدار کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے پینتیس سالہ سیکورٹی اہلکار سنتھ کمار کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے ریاست چھتیس گڑھ میں نکسلائٹ چھاپہ ماروں کا خاصا اثر ہے اور سی آر پی ایف کے جوان ان چھاپہ ماروں کا مقابلہ کرنے کے لئے تناؤ میں رہتے ہیں۔
ہندوستان کی فوج اور پیراملٹری فورس میں اس طرح کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جب شدید ذہنی تناؤ کی وجہ سے فوجی اور سیکورٹی جوان اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ کرچکے ہیں۔
رواں سال جنوری میں بھی ایک سیکورٹی اہلکار نے چھٹی نہ ملنے پر فائرنگ کرکے چار سینیئر افسران کو ہلاک کردیا تھا۔