ہندوستان میں ریاست گجرات کے اسمبلی انتخابات کا دوسرا مرحلہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i306567-ہندوستان_میں_ریاست_گجرات_کے_اسمبلی_انتخابات_کا_دوسرا_مرحلہ
ہندوستان کی ریاست گجرات کے اسمبلی انتخابات میں جمعرات کی صبح دوسرے مرحلے کی ووٹنگ شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Dec ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں ریاست گجرات کے اسمبلی انتخابات کا دوسرا مرحلہ

ہندوستان کی ریاست گجرات کے اسمبلی انتخابات میں جمعرات کی صبح دوسرے مرحلے کی ووٹنگ شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہی۔

ہندوستان کی ریاست گجرات کے اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں جمعرات کو اس ریاست کے شمالی اور وسطی علاقے کے چودہ اضلاع کی ترانوے سیٹوں پر سخت سیکورٹی کے درمیان ووٹنگ ہوئی۔
جن سیٹوں پرآج ووٹنگ ہوئی ان میں سے دو ہزار بارہ کے الیکشن میں برسر اقتدار بی جے پی نے باون، کانگریس نے انتالیس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور آزاد امیدوار نے ایک ایک سیٹ جیتی تھی۔
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دوسرے مرحلے کے لئے تقریباً دو لاکھ انتخابی اور ایک لاکھ سے زیادہ سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے۔
اس سے قبل نو دسمبر کو ہونے والے پہلے مرحلے میں نواسی نشستوں کے لئے ووٹنگ ہوئی۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی شہر احمد آباد میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ البتہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جب وزیراعظم، جلوس کی شکل میں ووٹ ڈالنے آئے تو کانگریس نے اسے الیکشن قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا اور الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی سے ملا ہوا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ بائیس برس سے بی جے پی کے لئے، دو ہزار انیس کے لوک سبھا انتخابات کا، سیمی فائنل کہے جانے والے اس الیکشن کو جیتنا بر سراقتدار پارٹی کے لئے بے حد ضروری ہے۔
دوسری جانب اپنے وجود کی لڑائی لڑنے والی کانگریس کے نئے صدر راہل گاندھی کو اس میں پارٹی کی جیت سے زبردست فائدہ، اور پارٹی کے لئے نئی طاقت مل سکتی ہے۔