طلاق ثلاثہ پر پابندی لگانے کا بل منظور
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i306761-طلاق_ثلاثہ_پر_پابندی_لگانے_کا_بل_منظور
ہندوستان کی مرکزی کابینہ نے طلاق ثلاثہ پر پابندی لگانے اور اسے قابل تعزیر جرم قرار دینے سے متعلق بل کی کل منظوری دی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Dec ۱۶, ۲۰۱۷ ۰۵:۴۳ Asia/Tehran
  • طلاق ثلاثہ پر پابندی لگانے کا بل منظور

ہندوستان کی مرکزی کابینہ نے طلاق ثلاثہ پر پابندی لگانے اور اسے قابل تعزیر جرم قرار دینے سے متعلق بل کی کل منظوری دی۔

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ نے کل اس بل کی منظوری دی جسے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں پیش کرنے کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بل کے تحت 3 طلاق دینا جرم قرار دیا جائے گا اور مجرم کو 3 سال کی قید سنائی جائے گی۔

ہندوستان کی سپریم کورٹ نے اسی سال اگست میں اپنے ایک فیصلے میں ایک ساتھ تین طلاق دینے کے طریقے کو غیر اسلامی اور غیر آئینی قرار دے کراس پر پابندی لگادی تھی۔

حکومت ہند نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل در آمد کرانے کے لئے قانون سازی کرے گی ۔

ادھر مودی حکومت نے بل کو پاس کرانے میں سبھی پارٹیوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نیتن گڈکری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سبھی پارٹیوں کو تین طلاق سے منسلک بل کو پاس کرانے میں تعاون کرنا چاہئے۔