راہل گاندھی نے کانگریس کی کمان سنبھالی
ہندوستان کی قدیم اور اہم سیاسی جماعت کانگریس پارٹی کی کمان راہل گاندھی نے باقاعدہ سنبھال لی ہے۔
نئی دہلی میں کانگریس پارٹی کے دفتر میں پارٹی کے الیکشن افسر نے ایک پروقار تقریب میں راہل گاندھی کو پارٹی کا صدر منتخب ہونے کا سرٹیفکٹ سونپا۔
تقریب میں راہل گاندھی کی والدہ اور پارٹی کی سبکدوش ہونےوالی صدر سونیا گاندھی، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور پارٹی کے سبھی اہم لیڈران موجود تھے جبکہ تقریب میں راہل گاندھی کی بہن پرینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔
راہل گاندھی کو پارٹی کا باقاعدہ صدر بنائے جانے کا جشن پارٹی کارکنوں نے جہاں نئی دہلی میں بہت ہی دھوم دھام سے منایا وہیں پورے ملک میں پارٹی کے دفاتر میں کانگریس کے کارکنوں نے راہل گاندھی کوپارٹی کی باگ ڈور سونپے جانے کی خوشیاں منائیں۔
راہل گاندھی نے پارٹی کی کمان ایک ایسے وقت سنبھالی ہے جب پیر کو گجرات اور ہماچل پردیش کے اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے والے ہیں جن میں ایگزٹ پول نے بی جے پی کو فاتح قراردیا ہے۔